سیونی:23/نومبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) بی جے پی صدر امت شاہ نے مدھیہ پردیش کے سیونی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کو بزعم خویش مبینہ دراندازوں کے معاملے پر کانگریس کو گھیرا ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت میں دراندازی ہوتی رہی ہے؛ کیونکہ کانگریس کو بزعم خویش مبینہ دراندازوں میں ووٹ بینک لگتا ہے۔ ملک کو اس سے بچانے کے لئے بی جے پی حکومت نے ان کی شناخت کی ہے ۔ شاہ نے ریلی میں وزیر اعظم مودی کی کامیابیوں کو شمار کرایا ۔ دوسری طرف کانگریس صدر راہل گاندھی نے بھی مدھیہ پردیش میں کئی انتخابی ریلیاں کیں۔ اس دوران انہوں نے بھی بی جے پی اور مودی حکومت پر کرارا حملہ کیا ۔ سیونی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی صدر امت شاہ نے کانگریس پر جم کر نشانہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب کانگریس کی حکومت تھی۔ اس وقت صحت کی خدمات کے نام پر کچھ نہیں تھا۔ آج مودی حکومت میں آیوشمان بھارت منصوبہ کے تحت غریبوں کا پانچ لاکھ روپے تک علاج مفت میں ہوتا ہے۔ مدھیہ پردیش کے سیونی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ کانگریس کی حکومت میں ملک میں بزعم خویش مبینہ دراندازوں گھستے رہے ہیں، کیونکہ ان میں انہیں ووٹ بینک نظر آتا تھا۔ آسام میں ہماری حکومت آئی تو ہم NRC لائے اور 40 لاکھ بزعم خویش مبینہ دراندازوں کی نشاندہی کرنے کا’’نیک ‘‘ فریضہ انجام دیا ہے ۔ سونیا۔ منموہن کی کانگریس حکومت نے مدھیہ پردیش کے لئے صرف ایک لاکھ 34 ہزار 190 کروڑ روپے دیا، لیکن مودی حکومت نے مدھیہ پردیش کو 14 ویں مالیاتی کمیشن میں تین لاکھ 44 ہزار 126 کروڑ روپے دینے کا’’تاریخی‘‘ کام کیا ہے ۔ واضح ہوکہ مدھیہ پردیش کی 230 اسمبلی سیٹوں پر 28 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس ریاست میں بی جے پی اور کانگریس کے درمیان سیدھی ٹکر ہے۔ یہاں پر حکمران بی جے پی شیوراج سنگھ چوہان کی قیادت میں اپنے اقتدار بچانے کے تن من دھن کی بازی لگاچکی ہے، تو دوسری طرف کانگریس اقتدار سے ’’بن واس ‘‘ دور کرنے کی کوشش میں ہے۔ اس انتخاب میں ووٹروں کو اپنے حق میں لانے کے لئے دونوں پارٹیاں ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہیں۔ دونوں پارٹیوں کے سینئر لیڈر تابڑ توڑ ریلیاں کر رہے ہیں۔